بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

لاگ ان 31/08/2026

دارالافتاء

 دارالا فتاء جامعہ عثمانیہ پشاور
 

ZOOMایپ کے ذریعے آن لائن نکاح کرنا


سوال

آن لائن نکاح میں دولہا و دلہن الگ الگ شہروں میں تھے، اور دونوں طرف کے گواہ بھی الگ الگ تھے۔ نکاح" Zoom " ایپ پر ہوا۔ کیا ایسا نکاح کرنا درست ہے؟

جواب

واضح رہے کہ  عقد نکاح میں عاقدین  کے ایجاب وقبول کے لئے مجلس کا ایک ہونا شرط ہے،لہذا مجلس عقد میں عاقدین یا ان کے وکیل کا ہونا ضروری ہےورنہ نکاح منعقد نہ ہوگا۔

آن لائن نکاح کرتے وقت ایجاب و قبول کرنے والے ایک  مجلس میں موجود نہیں ہوتے  اس لئے آن لائن نکاح چاہے "ZOOM "  ایپ کے ذریعے سے ہو یا فون کے ذریعے سے ہو  جائز نہیں ،تا ہم اگرلڑکا یا لڑ کی میں سے ایک  کسی شخص کو اپنا وکیل بنادے  اور پھر وہ وکیل اس کی طرف سے مجلس میں دو  گواہوں  کی موجودگی میں ایجاب و قبول کرلے تو اس صورت میں نکاح منعقد ہو جائیگا۔

 

ومن ‌شرائط ‌الإيجاب والقبول: اتحاد المجلس (قوله: اتحاد المجلس) قال في البحر: فلو اختلف المجلس لم ينعقد،(رد المحتار علی الدر المختار،کتاب النکاح،مطلب التزویج بإرسال ا لكتابة،ج:3، ص :14)

وشرط ‌سماع كل من العاقدين لفظ الآخر) ليتحقق رضاهما(و) شرط (حضور) شاهدين(حرين) أو حر وحرتين (مكلفين سامعين قولهما معا، (رد المحتار علی الدر المختار، كتاب النكاح، ج :3، ص :21)


فتویٰ نمبر : 7234/297/324

دارالا فتاء جامعہ عثمانیہ پشاور