بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم
| لاگ ان | 02/11/2026 |
عشر دیتے وقت اخراجات منہا کرنا
سوال
ہمارے علاقے میں تھریشر کے ذریعے گندم اور بوسہ کی جدائی کی جاتی ہے، تو تھریشر والے کو اجرت میں گندم دیاجاتاہے،اور اسی طرح فصل کاٹنے والے کو بھی اجرت میں گندم دیاجاتا ہے ۔اب پوچھنا یہ ہے کہ جو گندم اجرت میں دیا جاتاہے عشر نکالتے وقت وہ گندم حساب کرکے تمام سےعشر نکالیں یا اجرت والے گندم کو منہا کرکے باقی سےعشر نکالیں؟
جواب
وہ اخراجات جو زمین کو کاشت کے قابل بنانے سے لےکر پیداوار حاصل ہونے اور اس کو سنبھالنے تک ہوتے ہیں یعنی وہ اخراجات جو زراعت کے امور میں سے ہوتے ہیں مثلاً زمین کو ہم وار کرنے، ٹریکٹر چلانے، کاٹنےکی اجرت وغیرہ یہ اخراجات عشر ادا کرنے سے پہلے منہا نہیں کیے جائیں گے، بلکہ عشر یا نصفِ عشر اخراجات نکالنے سے پہلے پوری پیداوار سے ادا کیا جائے گا۔
البتہ پیداوار کی کٹائی کے بعد وہ اخراجات جو زراعت (کھیتی باڑی) کے امور میں سے نہیں ہوتے ، جیسے پیداوار کو منڈی تک پہنچانے کا کرایہ، اسی طرح پیکنگ، لوڈنگ وغیرہ کے جو اخراجات ہیں توان اخراجات عشر ادا کرنے سے پہلے منہا کیے جاسکتا ہے ۔
لہذاصورت مسؤلہ میں پیداوارسے عشر نکالتے وقت تھریشر والے کی اجرت اسی طرح فصل کاٹنے والے کی اجرت کو منہا نہیں کیا جائے گا، بلکہ زمین کی کل پیداوار کے حساب سے عشر ادا کیا جائے گا۔
ولا تحسب أجرة العمال ونفقة البقر، وكري الأنهار، وأجرة الحافظ وغير ذلك فيجب إخراج الواجب من جميع ما أخرجته الأرض عشرا أو نصفا كذا في البحر الرائق.، ولا يأكل شيئا من طعام العشر حتى يؤدي عشره كذا في الظهيرية.(الفتاوى الهندية،كتاب الزكاة،الباب السابع فى المصارف،ج:1،ص:187)