بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

لاگ ان 02/11/2026

دارالافتاء

 دارالا فتاء جامعہ عثمانیہ پشاور
 

ایک بھائی کا دوسرے بھائی کو زمین بیچتے وقت پابند بنانا


سوال

ایک شخص اپنی ذاتی زمین دس لاکھ پر فروخت کرنا چاہتا تھا تو اس کا بھائی اس سے کہتا ہے کہ آپ اپنی زمین دس لاکھ میں کسی اور پر مت بیچو، میں نے کسی اور سے بات کی ہے بارہ لاکھ میں آپ کی زمین اس کو فروخت کرتا ہوں،فروخت کرنے کے بعد دس لاکھ آپ کے ہوں گے اور دو لاکھ میرے ، اگر آپ میری بات نہیں مانتے ہو تو آپ یہ زمین فروخت نہیں کر سکتے،آیا اس  بھائی کا اس طرح شرط لگانا جائز ہے یا نہیں؟

جواب

 شریعت مطہرہ کی رو سے ہر شخص کو اپنی ملکیت میں اپنی صوابدید کے مطابق  جائز تصرف کا مکمل اختیار حاصل ہے ، کسی دوسرے کو اس کی ملکیت میں تصرف کا اختیار حاصل نہیں  اور نہ دوسرا کوئی کسی کو   تصرف کا پابند بنا سکتا ہے ۔

صورت مسؤلہ کے مطابق کسی شخص کا اپنے بھائی کو پابند بنانا کہ وہ اس کی بات  مان کر اس کی مرضی کے مطابق زمین فروخت کرے، اگر اس کی مرضی کے مطابق فروخت نہیں کرتا تو بیچنے کی اجازت نہیں ،شرعاً کسی پر اس طرح بلاوجہ پابندی لگانا جائز نہیں ۔

 

‌للمالك ‌أن ‌يتصرف ‌في ‌ملكه أي تصرف شاء سواء كان تصرفا يتعدى ضرره إلى غيره أو لا يتعدى.(بدائع الصنائع، كتاب الدعوى، فصل في أحكام الملك والحق الثابت في المحل، ج:8، ص:509)

كل يتصرف في ملكه كيف شاء.(شرح المجلة،الباب الثالث:في بيان المسائل المتعلقة بالحيطان الخ، الفصل الاول، ج:4، ص:132)


فتویٰ نمبر : 3651/297/322

دارالا فتاء جامعہ عثمانیہ پشاور