بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم
| لاگ ان | 31/08/2026 |
مرغی کی دمچی تکہ کھانے کا شرعی حکم
سوال
آج کل مرغی کی دمچی تکہ کے طور پر کھانا بہت مشہور ہے۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ یہ مرغی کی شرم گاہ کے اوپر جو چربی ہے وہ پکائی جاتی ہے اور یہ حلال ہے، جبکہ بعض لوگ کہتے ہیں کہ یہ مرغی کی شرم گاہ ہے اور یہ ناجائز ہے۔ اب پوچھنا یہ ہے کہ کیا دمچی تکہ حلال ہے یا حرام؟
جواب
جانور میں سات اعضا(بہتا ہوا خون، آلہ تناسل،خصیتین،مادہ جانور كی شرم گاہ،غدود،مثانہ،پِتہ) کھانا ممنوع ہے،اس کے علاوہ باقی تمام اعضا کھاناحلال ہے۔ جہاں تک مرغی کی دمچی کا تعلق ہے تواس کے بارے میں تحقیق کرنے سےمعلوم ہوا کہ دمچی شرم گاہ کے قریب گوشت یا چربی ہوتی ہےجس کو صاف کرکے مرغی کی شرم گاہ سے الگ کیا جاتا ہے ،لہذا اگر واقعی اس کو شرم گاہ سے الگ کیا جاتا ہو اور پھر اس کا تکہ بناکر کھایا جاتا ہو تو اس کے کھانے میں کوئی مضائقہ نہیں۔
"وأما بيان ما يحرم أكله من أجزاء الحيوان المأكول، فالذي يحرم أكله منه سبعة: الدم المسفوح، والذكر، والأنثييان، والقبل، والغدة، والمثانة، والمرارة."(بدائع الصنائع، كتاب الذبائح والصيود، فصل في ما يحرم أكله من أجزاء الحيوان، ج: 6، ص:272)
"واعلم أن الأصل في الأشياء كلها سوى الفروج الإباحة... وإنما تثبت الحرمة بعارض نص مطلق أو خبر مروي فما لم يوجد شيء من الدلائل المحرمة فهي على الإباحة."(مجمع الأنهر في شرح ملتقي الأنحر، كتاب الأشربه، ج:2، ص: 568)