بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم
| لاگ ان | 31/08/2026 |
کھانا کھانے کے درمیان الحمد للہ پڑھنا
سوال
کیا کھانا کھانے کے دوران ہر لقمہ کے بعد الحمد للہ پڑھ سکتے ہیں؟
جواب
کھانا کھانے کے شروع میں بسم اللہ پڑھنا اور آخر میں الحمد للہ پڑھنا مسنون ہے ، نیز کھانا کھانے کے درمیان بھی حمد وشکر ادا کرنے کی فضیلت احادیث میں وارد ہوئی ہے۔
حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا : " اللہ تعالی بندے کی اس بات سے خوش ہوتا ہے کہ وہ لقمہ کھائے اور اس پر اللہ کی حمد و ثناء بیان کرے یا پانی کا گھونٹ پیے اور اس پر اللہ کی حمد و ثناء بیان کرے " اس حدیث میں لفظ 'اکلۃ' ہمزہ کی فتحہ اور ضمہ دونوں طرح مروی ہے ، ہمزہ کے فتحہ کے ساتھ اس کا معنی ہے 'ایک وقت کا کھانا' اس لحاظ سے کھانے کے آخر میں حمد و ثناء کی فضیلت کا ذکر ہے، جب کہ ہمزہ کے ضمہ کے ساتھ اس کا معنی 'لقمہ 'آتا ہے ، محدثین حضرات نے دونوں احتمالات ذکر کئے ہیں ، اس دوسرے احتمال کی بناء پر ہر لقمہ کے بعد حمد وثنا ادا کرنا اس حدیث سے ثابت ہے۔
عن أنس بن مالك، أن النبي صلى الله عليه وسلم قال: إن الله ليرضى عن العبد أن يأكل الأكلة، أو يشرب الشربة، فيحمده عليها۔ ( سنن الترمذي ، ابواب الأطعمة عن رسول الله ، باب ما جآء في الحمد علی الطعام ، ج:2 ، ص: 3 )
قَوْلُهُ (إِنَّ اللَّهَ لَيَرْضَى عَنِ الْعَبْدِ أَنْ يَأْكُلَ) ۔ ۔ ۔ قال النووي الأكلة هنا بفتح الهمزة وهي المرة الواحدة من الأكل كالغداء أو العشاء ۔ ۔ ۔ وقال القارى بفتح الهمزة أي المرة من الأكل حتى يشبع ويروى بضم الهمزة أي اللقمة وهي أبلغ في بيان اهتمام أداء الحمد لكن الأول أوفق مع قوله أو يشرب الشربة ( تحفة الأحوذي ، ابواب الأطعمة عن رسول الله ، باب ما جآء في الحمد علی الطعام ، ج: 5 ، ص: 437 )