بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم
| لاگ ان | 31/08/2026 |
گاؤں میں نماز جمعہ
سوال
ہمارے علاقے کا نام گڑھی ناظر خان ہے جو ترناب فارم کے قریب واقع ہے ،اس کی کل آبادی پانچ سو افراد پر مشتمل ہے جس میں مرد ،عورتیں ،بچے اور بوڑھے شامل ہیں۔ اس علاقے میں ہسپتال ،سکول ،بازار اور دکانیں وغیرہ نہیں ہیں البتہ تقریباً آدھے کلو میٹر کے فاصلے پر جی ٹی روڈ اور مارکیٹیں واقع ہیں ۔ہمارے محلے کے آس پاس تقریباً پانچ دس منٹ کے فاصلے پر دیگر مساجد ہیں جن میں نماز ِجمعہ پڑھائی جاتی ہے ،ہماری مسجد نئی بنائی گئی ہے اور محلے والے اس بات پر مصر ہیں کہ اس میں بھی نمازِ جمعہ شروع کی جائے ۔اب سوال یہ ہے کہ کیا اس مسجد میں نمازِ جمعہ شروع کرنا جائز ہے یا نہیں ؟
جواب
نماز ِ جمعہ کے وجوب ِادا کی شرائط میں سے ایک شرط یہ ہے کہ جہاں نماز ِ جمعہ ادا ہوتی ہے وہ جگہ شہر ہویا توابع ِشہر میں سے ہو یا بڑا گاؤں ہو۔بڑے گاؤں کی تعریف فقہائے کرام ؒ نے اپنے اپنے وقت میں حالات کے مطابق مختلف عبارات سے کی ہے ۔موجودہ دور میں جس گاؤں کی آبادی دو ڈھائی ہزار افراد پر مشتمل ہواور روز مرہ کی ضروریات اس میں میسر ہوں وہ بڑا گاؤں شمار ہوگا ۔اور توابع ِ شہر سے شہر کے مضافات میں واقع وہ آبادی مراد ہے جو مستقل گاؤں نہ ہو بلکہ عرف میں شہر کے تابع شمار کی جاتی ہو چنانچہ جو آبادی شہر سے باہر ہو اور مستقل گاؤں کی حیثیت رکھتی ہو اور عرف میں بھی وہ مستقل گاؤں شمار کی جا تی ہوتو اگر وہ خود بڑا گاؤں نہ ہو تو اس میں نماز ِجمعہ جائز نہیں۔
صورت ِمسؤلہ میں مذکورہ گاؤں کی اپنی آبادی اگر چہ کم ہے لیکن اگر یہ شہری حدود میں واقع ہوتو پھر مضافات ِشہر میں شمار ہو کر جمعہ کی نماز درست ہو گی البتہ اگر شہری حدود سے باہر ہو تو پھر اس کی اپنی حیثیت دیکھی جائے اگر چھوٹی بستی ہے اور اس کی آبادی کم ہےتو پھر جمعہ کی نماز نہ پڑھی جائے ۔تاہم وہاں کے مقامی علماء وہاں کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں ۔
( ويشترط لصحتها ) سبعة أشياء الأول ( المصر۔۔ ۔( أو فناؤه ) بكسر الفاء ( وهو ما ) حوله ( اتصل به ) أولا ( لأجل مصالحه ) كدفن الموتى وركض الخيل والمختار للفتوى تقديره بفرسخ۔۔۔(الدر المختار،كتاب الصلوة،باب الجمعة،ج1ص109)
العادة محكمة يعني أن العادة عامة كانت أو خاصة تجعل حكما لإثبات حكم شرعي ۔۔۔والعرف والعادة إنما تجعل حكما لإثبات الحكم الشرعي إذا لم يرد نص في ذلك الحكم المراد إثباته۔(درر الحکام ،المادۃ 36،ج1 ص40)